06-Mar-2023 مزاحیہ نظم سگریٹ کے نقصان
سگریٹ کے نقصان
ہانپتے اور کانپتے جب گھر پہ پہنچا بدحواس
پی گیا پانی غٹاغٹ کم سے کم میں چھ گلاس
ایسی حالت دیکھ کر بیوی مری گھبرا گئی
خیریت ہے کیا ہوا کیا کوئی آفت آگئی
میرے دفتر کی عمارت بھر بھرا کر گر گئی
دب گئے ملبے کے نیچے میرے بھی ساتھی کئی
مر گئے دفتر میں کتنے اور کتنے بچ گئے
یہ بتائیں حادثے میں آپ کیسے بچ گئے
دفتروں میں آج کل مرضی سے جی سکتے نہیں
گر طلب ہو آپ کو سگریٹ بھی پی سکتے نہیں
چھوڑا دفتر فائلوں کے غم بھلانے کے لئے
نکلا تھا سگریٹ میں بس دو کش لگانے کے لئے
جیسے ہی دفتر سے نکلا حادثہ یہ ہو گیا
آج سگریٹ کی بدولت موت سے میں بچ گیا
شکریہ سگریٹ کا مر نے سے بچایا ہے مجھے
ہاں وہی سگریٹ مری جس سے الرجی ہے تجھے
ہو کے جذباتی مری بیوی نے یہ رو کر کہا
میرے شوہر کو بچایا تو نے سگریٹ شکریہ
تب ہی ٹی وی پر خبر اس حادثے کی آگئی
دس تو پورے مر گئے تھے اور زخمی تھے کئی
حادثے کی یہ خبر ٹی وی پہ بیوی نے سنی
مرنے والے پائیں گے امداد دس دس لاکھ کی
آپ سے کہتی نہ تھی سگریٹ کی عادت ہے بری
لگ گئی اک لمحے میں مجھ کو چپت دس لاکھ کی