16-Apr-2023 دس لاکھ کی سگریٹ
دس لاکھ کی سگریٹ
ہانپتے اور کانپتے جب گھر پہ پہنچا بدحواس
پی گیا پانی غٹاغٹ کم سے کم میں چھ گلاس
ایسی حالت دیکھ کر بیوی مری گھبرا گئی
خیریت ہے کیا ہوا کیا کوئی آفت آگئی
میرے دفتر کی عمارت بھر بھرا کر گر گئی
دب گئے ملبے کے نیچے میرے بھی ساتھی کئی
مر گئے دفتر میں کتنے اور کتنے بچ گئے
یہ بتائیں حادثے میں آپ کیسے بچ گئے
دفتروں میں آج کل مرضی سے جی سکتے نہیں
گر طلب ہو آپ کو سگریٹ بھی پی سکتے نہیں
چھوڑا دفتر فائلوں کے غم بھلانے کے لئے
نکلا دفتر سے تھا بس دو کش لگانے کے لئے
جیسے ہی دفتر سے نکلا حادثہ یہ ہو گیا
آج سگرٹ کی بدولت موت سے میں بچ گیا
آج جو زندہ ہوں میں سگرٹ کا یہ احسان ہے
تم یہ کہتی تھیں کہ سگرٹ سے مجھے نقصان ہے
ہو کے جذباتی مری بیوی نے یہ رو کر کہا
میرے شوہر کو بچایا تو نے سگرٹ شکریہ
تب ہی ٹی وی پر خبر اس حادثے کی آگئی
دس اسی دم مر گئے تھے اور زخمی تھے کئی
حادثے کی یہ خبر ٹی وی پہ بیوی نے سنی
مرنے والے پائیں گے امداد دس دس لاکھ کی
جن کو آئی ہیں خراشیں وہ بھی لاکھوں پائیں گے
مرنے والوں کے تو وارث لکھ پتی بن جائیں گے
سن کے ٹی وی کی خبر بیوی کو غصہ آ گیا
ہو گیا معلوم اب سگریٹ کے ہیں نقصان کیا
ہو گئی ہوں راکھ میں ان سگرٹوں کی راکھ میں
ایک سگریٹ آپ کی مجھ کو پڑی دس لاکھ میں