Ahmed Alvi

Add To collaction

01-Feb-2025 لیکھنی کی کہانی - طنزیہ نظم

سرکاری ہدایات


ہوا ہے حکم اوپر سے سیاست پر نہیں پڑھنا

کسی نیتا یا افسر کی حماقت پر نہیں پڑھنا


جہاں میں کتنے موضوعات ہیں اشعار کہنے کو 

یہی جمہوریت ہے اب حکومت پر نہیں پڑھنا 


بڑھی ڈالر کی قیمت پر تو اپنی رائے دے دینا 

گری ہے آج جو روپیے کی قیمت پر نہیں پڑھنا 


چبھونا روز نشتر تم محبت کرنے والوں پر 

کبھی اشعار نفرت کی جماعت پر نہیں پڑھنا 


یہاں اب بے گناہوں کو ضمانت بھی نہیں ملتی 

گناہگاروں کو ملتی ہے، ضمانت پر نہیں پڑھنا 


حکومت کی جو لونڈی بن گئی ہے چند برسوں سے 

صحافی پر نہیں پڑھنا صحافت پر نہیں پڑھنا 


بہت موٹی ہوا کرتی ہے ان کی کھال علوی جی 

بچارے اردو والوں کی رعونت پر نہیں پڑھنا 






   1
0 Comments