08-Apr-2022 ناموں کے اثرات مزاحیہ شاعری
ناموں کے اثرات
برسوں کی تحقیق نے ثابت کردی ہے یہ بات
الٹے ناموں کے ہوتے ہیں ہستی پر اثرات
نام کے الٹے اثر کی یوں بھی ہوتی ہے تصدیق
کام وکالت کا کرتے ہیں صادق اور صدیق
اپنے شہر میں جتنے بھی تھے ایک سے ایک خراب
کچھ کے نام شہنشا نکلے اور کچھ کے نام نواب
کوڑا چنتا بازاروں میں دیکھا گیا نفیس
بھیک مانگتا اسٹیشن پر پکڑا گیا رئیس
دو دو دن کا فاقہ کرتے ہیں عبدالرزاق
اور کنویں کا مینڈک ہوتے افلاک و آفاق
کہتے ہیں یہ اک ملا جی جن کی بیگم تین
شیریں نام کی دوشیزائیں ہوتی ہیں نمکین
کیسے کیسے کھیل دکھائے مولا تیری شان
پیشہ ور جلاد مگر ہے نام عبدالرحمن
شیر محمد خاں چوہوں سے ڈرتے دیکھے
رستم خاں بیوی کو سجدے کرتے دیکھے
بھینس برابر لگتا جس کو کالا اکشر
اس کو ہی اب دانشور کہتے دانشور
دانوں پر پڑھتے دیکھے ہیں سورہ یاسین
چاقو دیکھ کے ڈرجاتے ہیں ملا سیف الدین
رشوت کھلم کھلا لیتے اختر الایمان
رشوت خوری گھر دفتر میں ان کی ہے پہچان
داغ ہیں دین کی پیشانی پر نام ہے شمس الدین
بھگوا پگڑی پہن کے اب اتراتے ہیں یاسین
عشرت نام کے مزدوری ہی کرتے دیکھے
لاوارث سڑکوں پر اکثر مرتے دیکھے
چلنے اور پھرنے سے قاصر قادر اور مختار
نام حکیم اللہ ہے جن کا رہتے ہیں بیمار
نور عالم کی دیکھو دونوں آنکھیں ہیں بے نور
صوفی جن کو کہتے ہیں سب رہتے ہیں مخمور
اپنے بھیجے سے باہر ہیں قدرت کے یہ راز
کم عمری میں ٹھوکر کھا کر مر گئے عمر دراز
نام امیر احمد ہے لیکن گداگری پہچان
اور فقیر احمد کی یارو سونے کی ہیں کان
اماں ابا ان کو گھر میں کہتے ہیں گلفام
افریقی شکل و صورت ہے چاند میاں ہے نام
مینا کی ہندی فلموں کے گھر میں ہوتے سین
نام مسرت ہے بیگم کا رہتی ہیں غمگین
چھوڑو بہت برا ہے علوی یہ ناموں کا پھیر
روشن گوشہ کوئی نہیں ہے سب کچھ ہے اندھیر
asma saba khwaj
09-Apr-2022 05:02 AM
بہت خوب
Reply