10-Oct-2022 فکر
آرٹیکل کا عنوان: فکر
بقلم: مرحاشہباز
ویسے تو لفظ فکر اپنے معانی کی مناسبت سے بڑی وسعت کا حامل ہے مگر میں یہاں صرف سوچ اور تشویش والی فکر کو موضوعِ گفتگو بناٶں گی۔ میرے نزدیک ذہن میں پنپتی فکر مثبت ہو تو اقوام ترقی کرتی ہیں اور منفی ہو تو یہی ترقی یافتہ اقوام بربادی سے دوچار ہوتی ہیں۔ معاشی ترقی کی بجاۓ اخلاقی ترقی کی تھوڑی فکر کی جاۓ تو اعلی پاۓ کے افکار و خیالات جنم لیتے ہیں۔ جو مثبت ہوں تو تقدیریں بدل جاتی ہیں اِسی لیے ہمیں بتایا گیا تھا کہ
افراد کے ہاتھوں میں ہے اقوام کی تقدیر
ہر فرد ہے ملت کے مقدر کا ستارہ
تاکہ ہم اقوام کی تقدیر کے لیے فکرمند ہوں اور ہر دم کوشاں رہیں۔
مگر دوسری جانب فکر اگر مادہ پرستی میں آگے بڑھنے کی ہو تو تقدیریں الٹ جاتی ہیں۔ افسوس ہم آج یہی روش تو اپناۓ ہوۓ ہیں۔ بس پیٹ بھرنے کے لیے جی رہے ہیں اور پیسے کی دوڑ میں اس قدر تیز دوڑ رہے ہیں کہ رازق تک کی پہچان کھوتے جا رہے ہیں۔
خدا کو بھول گۓ لوگ فکرِ روزی میں
خیالِ رزق ہے، رزاق کا خیال نہیں
ہم مادہ پرست لوگوں کو آج بس فکر ہے تو اپنی یا اپنی اولاد کی، ہم قومی ترقی تو درکنار، ذاتی ترقی کے لیے بھی سرگرداں نہیں۔ ہمیں فکر ہے تو بیٹی کے جہیز کی، بیٹے کی اعلی تعلیم کی، بچوں کو اچھی خوراک دینے کی، اچھا اور بڑا سا گھر اور گاڑی لینے کی مگر اپنے خیالات اور سوچ نکھارنا ترجیحات تو کیا، مشاغل میں بھی شامل نہیں۔ پیسے کی الجھنیں تو تاعمر رہنے والی ہیں اور پھر اسے ہم دل کی منشا کے مطابق کم زیادہ نہیں کر سکتے، نہ ہم پیسے سے اپنی اولاد، والدین مجازی خداٶں یا دیگر پیاروں کا نصیب بدل سکتے ہیں لیکن بلند اور روشن افکار سے ایک انسان کیا، ساری دنیا میں رونما ہونے والے حالات و واقعات بدل سکتے ہیں۔
نہ تو کچھ فکر میں حاصل ہے، نہ تدبیر میں ہے
وہی ہوتا ہے جو انسان کی تقدیر میں ہے
زندگی بھلے ہی آزماٸشوں میں کٹ رہی ہو مگر ہم کیوں معاشی ترقی کا خیال کرتے ہوۓ پیسے کو ہر مسٸلے کا حل تجویز کریں۔ یہ زندگی کونسا داٸمی ہے جو اس میں صرف مال و زر ہی کے لیے اتنی تگ و دو کی جاۓ۔
بہت ہی مختصر کہانی ہے
زندگی کچھ بھی نہیں فانی ہے
سو عزیز قارٸین اپنے افکار کی مہک سے جہانِ فانی میں کچھ ایسا کر کے جاٸیں کہ آپ کے عظیم کارناموں کے باعث لوگوں کی باتوں اور یادوں میں آپ یاد رکھے جاٸیں۔
بارِ دنیا میں رہو، غمزدہ یا شاد رہو
ایسا کچھ کر کے چلو یاں کہ بہت یاد رہو
Mamta choudhary
11-Oct-2022 08:49 PM
Outstanding👍👍👍👍
Reply
Muskan Malik
11-Oct-2022 08:43 PM
ماشاءاللہ❤️
Reply
Gunjan Kamal
11-Oct-2022 08:28 PM
👌👏🙏🏻
Reply